Published: 21-12-2022
لاہور(نمائندہ ڈاک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے ملاقات کی جس میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کئے جانیوالے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کودور حاضر کے تقاضوں کے مطابق سکلڈ بیس ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا وقت کی ضرورت ہے۔ صوبے میں سکلڈ بیس ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے نئی یونیورسٹیاں بنائیں گے اور سکلڈ بیس ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے ٹیچرز کے لئے یکساں پے سکیل متعارف کرانے کا جائزہ لے رہے ہیں اور پے سکیل کو اساتذہ کی کارکردگی کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔مائیکروسافٹ کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو فری جدید کورسز کرائے جا رہے ہیں۔تعلیم کے میدان میں نئے اور جدید رجحانات کو اپنا کر ہی ہم دنیا کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ دنیا میں ٹیکنالوجی ہر لمحے بدل رہی ہے، ہمیں بھی ہائیر ایجوکیشن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، اس ضمن میں پنجاب حکومت مکمل سپورٹ کرے گی۔یونیورسٹیوں میں گورننس کو بہتر بنانے کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے معاملات درست کرنے کیلئے ایڈہاک ازم کا خاتمہ ضروری ہے۔یونیورسٹیوں میں ریسرچ کے حوالے سے بہت کام کی ضرورت ہے۔اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے وظائف بڑھائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نئی بھرتیوں کی منظوری دی ہے۔ہائیر ایجوکیشن میں بھرتیاں مکمل میرٹ پر ہوں گی۔ ٹیلنٹڈ اور پروفیشنل اساتذہ وقت کی ضرورت ہے۔یونیورسٹیز میں انڈسٹریل پراڈکٹ ڈویلپمنٹ کیلئے سپیشلائزڈ ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن بھی اس موقع پرموجود تھے۔